سندھ ہائیکورٹ 65

عدالت کی لاپتا شہری کی بازیابی سے متعلق درخواست پر پولیس حکام کو پیش رفت سے آگاہ کرنے کی ہدایت

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے شاہ لطیف ٹاؤن سے لاپتا شہری کی بازیابی سے متعلق درخواست پر پولیس حکام کو پیش رفت سے آگاہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 22اگست تک ملتوی کردی ہے ۔

سندھ ہائیکورٹ میں شاہ لطیف ٹاؤن سے لاپتا شہری کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی ایس ایس پی انویسٹیگیشن ساؤتھ علی حسن اور ایس ایس پی انویسٹیگیشن ملیر آصف عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواستگزار نے کہا کہ میرے بھائی کو پولیس نے گرفتار کیا اور گھر میں لوٹ مار کی۔ پولیس اہلکاروں نے گھر سے زیورات اٹھائے اور بھائی کی موٹر سائیکل بھی لے گئے۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ شہری مصور کو پولیس نے شاہ لطیف کے علاقے سے حراست میں لیا۔ پولیس نے موٹرسائیکل ظاہر کردی ہے تاہم مصور حسین تاحال لاپتا ہے بازیاب کرایا جائے۔

پولیس حکام نے کہا کہ لاپتا شہری ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیٔے کہ زیورات کے لئے تفتیش کی ضرورت ہے لیکن بتائیں موٹر سائیکل کیوں لے گئے۔ پولیس افسران نے کہا کہ موٹر سائیکل لاوارث کھڑی تھی اور 50 لاکھ روپے کی بینک ڈکیتی میں استعمال ہوئی۔ موٹر سائیکل کے ڈکیتی میں ملوث ہونے کے شواہد جیو فینسنگ میں سامنے آئے۔ جسٹس ظفر راجپوت نے اظہار حیرت کرتے ہوئے ریمارکس دیٔے کہ جیو فینسنگ میں آدمی کا تو اندازہ ہو جاتا ہے، موٹر سائیکل کا کیسے پتہ چل سکتا ہے؟ پولیس کا بس چلے تو گھروں سے سارا سامان بھی اٹھا لے جائیں۔

گھر کے باہر کھڑی گاڑی لاوارث نہیں ہوتی، ایسے تو پولیس سارے شہر کی گاڑیاں لے جائے۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی تفتیش کریں،لوٹ مار نا کریں، ورنہ ہم سخت احکامات جاری کریں گے۔ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے احکامات سے متعلقہ پولیس والوں کی نوکری اور پوسٹنگ بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ عوام کے مال کو غنیمت سمجھ کر لوٹ مار نا کی جائے۔

جسٹس ظفر احمد راجپوت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیٔے کہ اپنی من مانی کرنا چاہتے ہیں تو پہلے معاشرے کو جنگل قرار دیدیں۔ کہہ دیں کہ ہمارے پاس ڈنڈا ہے اور جو ہم چاہیں گے وہی قانون ہے۔ اگر ہم کسی مہذب معاشرے میں ہیں، تو مہذب معاشرے اداروں سے چلتے ہیں۔ تفتیشی افسران نے کہا کہ ہمیں مہلت دیں ہم تمام صورتحال سے عدالت کو آگاہ کردیں گے۔ عدالت نے پیشرفت سے آگاہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 22 اگست تک ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں