سندھ ہائیکورٹ

عدالت کا چائنہ کٹنگ سے متعلق درخواست پرفریقین کی جانب سے جواب جمع نہ کرائے جانے پر اظہار برہمی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے کورنگی بھٹائی کالونی میں چائنہ کٹنگ سے متعلق درخواست پرفریقین کی جانب سے جواب جمع نہ کرائے جانے پربرہمی کا اظہار برہمی کیاہے،جمعہ کو سندھ ہائیکورٹ میں کورنگی بھٹائی کالونی میں چائنہ کٹنگ سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ کورنگی کراسنگ میں 65 فٹ چوڑے روڈ پر غیر قانونی تعمیرات ہورہی ہیں۔ بھٹائی کالونی میں پلاٹ نمبر ڈی 899 اور 907 پر غیر قانونی تعمیرات کی جارہی ہیں۔ یہ پلاٹس کورنگی کے ماسٹر پلان میں شامل نہیں ہیں، یہ چائنہ کٹنگ ہے۔ ان پلاٹس کی الاٹمنٹ منسوخ اور ان پر تعمیرات کو منہدم کرنے کا حکم دیا جائے۔ متعدد بار نوٹسز کے باوجود فریقین کی جانب سے جواب جمع نہیں کرایا جارہا۔

عدالت نے فریقین کی جانب سے جواب جمع نہ کرائے جانے پر اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ چیف سیکرٹری ریونیو بورڈ کے متعلقہ افسران کی جانب سے جوابدہی یقینی بنائیں۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈپٹی کمشنر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ 4 مارچ کو ریکارڈ اور نقشوں کے ساتھ پیش ہوکر صورتحال کی وضاحت کریں۔