جوڈیشل الاؤنس

عدالت کا پنشن رولز میں تبدیلی کیخلاف درخواست پر محکمہ خزانہ کے حکام پر اظہار برہمی ،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب طلب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کے پنشن رولز میں تبدیلی کے خلاف درخواست پر محکمہ خزانہ کے حکام پر سخت برہمی کا اظہار کیا ،عدالت نے سیکرٹری خزانہ کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ پر عدم اطمینان اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو طلب کرلیا ۔ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے ریٹائرڈ سرکاری ملازم محمداسلم کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزارکی جانب سے میاں جعفرحسین ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران خاتون سپیشل سیکرٹری خزانہ سندس ارشاد اورایڈیشنل سیکرٹری فنانس خالد محمود پیش ہوئے جبکہ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل وقاص عمر نے پنجاب حکومت کی نمائندگی کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس عالیہ نیلم نے سپیشل سیکرٹری فنانس سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے درخواست گزارکی رِٹ پٹیشن دیکھی ہے؟ فیڈرل حکومت نے اسی نوعیت کا نوٹیفکیشن جاری کیا، باقی صوبوں نے بھی اس کا اطلاق کردیا تو پنجاب میں تاخیرکیوں؟۔

اس پرسپیشل سیکرٹری فنانس سندس ارشاد نے موقف اختیار کیا کہ اس کا فوری اطلاق کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگرآپ کی اچانک ٹرمز اینڈ کنڈیشنز تبدیل کرکے تنخواہ کم کردی جائے تو کیا ردعمل ہوگا؟۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل وقاص عمر نے استدعا کی کہ کچھ مہلت دیدی جائے،ایڈووکیٹ جنرل خودپیش ہونا چاہتے ہیں۔عدالت نے مزید سماعت 6نومبر تک ملتوی کردی۔