لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے نجی میڈیکل کالجز کی زائد فیسوں کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران یونیورسٹی آف لاہور کو زائد فیس وصولی سے روک دیا ۔
جسٹس خالد اسحاق نے نجی میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیز کی جانب سے طلباء سے زائد فیس وصول کرنے کے خلاف شہریار کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ حافظ اسرار الحق نے دلائل پیش کیے۔دورانِ سماعت عدالت نے یونیورسٹی آف لاہور کو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی)کی مقرر کردہ سالانہ 18لاکھ روپے فیس سے زائد رقم وصول کرنے سے روک دیا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ یونیورسٹی آف لاہور طلباء سے 23لاکھ 27ہزار روپے سالانہ فیس وصول کر رہی ہے، جبکہ پی ایم ڈی سی نے سالانہ فیس کی حد 18لاکھ روپے مقرر کر رکھی ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ یونیورسٹی کو زائد فیس وصول کرنے سے روکا جائے۔عدالت نے پی ایم ڈی سی کو بھی ہدایت جاری کی کہ دیگر نجی میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیز میں فیس سے متعلق جاری کردہ نوٹیفکیشن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔








