لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کوعبوری ضمانت کے لئے عدالت کے روبرو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس طارق سلیم شیخ نے عثمان بزدار کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف کیس کی سماعت کی ،عثمان بزدار کی جانب سے میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔
درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ڈی جی خان میں عثمان بزدار کے خلاف 10انکوائریز اینٹی کرپشن میں جاری ہیں، عثمان بزدار کو اینٹی کرپشن کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے۔عثمان بزدار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ اینٹی کرپشن کو عثمان بزدارکو ہراساں اور گرفتار کرنے سے روکا جائے۔دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ عثمان بزدار خود کہاں ہیں؟۔سابق وزیراعلی کے وکیل نے جواب دیا کہ عثمان بزدار سے بذریعہ فون رابطہ ہوا ہے وہ عدالت آنے کو تیار ہیں لیکن اس وقت دوسرے شہر موجود ہیں اور ان کی طبیعت ناساز ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر گرفتاری کا خدشہ تھا تو عدالت آنا چاہیے تھا، عدالت چاہتی ہے کہ آپ سب سسٹم کے اندر آئیں، قانون سب کے لئے برابر ہے، اگر ضمانت لینی ہے تو عدالت پیش ہوں۔عثمان بزدار کے وکیل نے استدعا کی کہ عثمان بزدار کو عدالت پیشی کے لئے مناسب وقت دیا جائے۔عدالت نے عثمان بزدار کو عبوری ضمانت کے لئے روبرو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 17اپریل تک ملتوی کردی۔