عثمان بزدار

عثمان بزدار کا پنجاب میں کورونا ویکسی نیشن کیلئے مزید سینٹرز بنانے کا فیصلہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدارنے عوام کی مفت ویکسینیشن کے سلسلے میں ویکسینیشن سینٹرز کا دائرہ کار بتدریج بڑھانے کا فیصلہ کرلیا،پنجاب حکومت شہریوں کو مفت ویکسین لگانے کے لئے 10 لاکھ سے زائد ڈوز خریدے گی، پنجاب کے ہر شہری کو کورونا سے بچانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں کورونا کی صورتحال اور ویکسینیشن کے عمل پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔

پنجاب میں کورونا ویکسینیشن کیلئے مزید سینٹر زبھی قائم ہوں گے۔ پی کے ایل آئی میں ویکسینیشن سنٹر فعال ہونے کے بعد لاہور میں ویکسینیشن مراکز تین ہو جائیں گے۔ اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین خریدنے کے لئے ڈیڑھ ارب روپے کے فنڈز مختص کر رہے ہیں، پنجاب حکومت شہریوں کو مفت ویکسین لگانے کے لئے 10 لاکھ سے زائد ڈوز خریدے گی،

پنجاب کے ہر شہری کو کورونا سے بچانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے، پنجاب کے زیادہ مثبت کیسز والے اضلاع میں تمام تر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، کورونا سے مکمل نجات حاصل کرنے کے لئے عوام کا بھرپور تعاون بے حد ضروری ہے، محض ماسک کے استعمال سے کورونا وائرس سے بچاو ممکن ہے۔