فیاض الحسن چوہان

عثمان بزدار پر نیب کا الزام سمجھ سے بالاتر ہے، صوبائی وزیر اطلاعات

لاہور ( ر پورٹنگ آن لائن) وزیرِاطلاعات پنجاب فیاض چوہان نے کہا ہے کہ عثمان بزدار پر کرپشن اور اختیارات کے ناجائز

استعمال کا الزام سمجھ سے بالاتر ہے۔ تفصیلات کے مطابق شراب لائسنس کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب کی نیب طلبی

پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیرِاطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ لاہور ایئرپورٹ کے قریب نئے

تعمیر شدہ ہوٹل نے شراب کے کوٹے کے لیے اپلائی کیا،کسی بھی ہوٹل کو شراب فروخت کرنے کا لائسنس جاری کرنے

کا اختیار صرف ڈی جی ایکسائز کے پاس ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ ڈی جی ایکسائز نے ضروری کارروائی کے

بعد مذکورہ ہوٹل کو لائسنس جاری کیا اور میڈیا پر اس بات کا چرچہ ہونے کے بعد ڈی جی ایکسائز نے فائل وزیرِاعلیٰ سیکریٹریٹ

بھیجی جبکہ وزیرِاعلیٰ سیکریٹریٹ سے فائل اس نوٹ کے ساتھ واپس بھجوا دی گئی کہ یہ معاملہ ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں،

جس پر ڈی جی ایکسائز کی جانب سے مذکورہ ہوٹل کو جاری کیا گیا لائسنس معطل ہوا، ہوٹل کے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے

پرعدالت نے ڈی جی ایکسائز کے فیصلے کو ختم کرتے ہوئے ہوٹل کے حق میں فیصلہ دیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے اپوزیشن

کا نام لئے بغیر کہا کہ آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن نے عثمان بزدار کی نیب طلبی پر بلاوجہ طوفان کھڑا کیا ہوا ہے،اس

سارے معاملے میں سردار عثمان بزدار پر کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام سمجھ سے بالاتر ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے واضح کیا کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب نیب کے سامنے قابلِ احترام انداز میں پیش ہونگے.

اور تمام سوالات کے جوابات دیں گے۔