عظمی بخاری

عثمان بزدار عمران خان کی طرح بلین ٹری پروگرام کی جعلی تصویریں شیئر کرنے لگ گئے ہیں’عظمی بخاری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ(ن)پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ عثمان بزدار عمران خان کی طرح بلین ٹری پروگرام کی جعلی تصویریں شیئر کرنے لگ گئے ہیں،بزدار صاحب اتنی دو نمبری اچھی نہیں ہوتی،میں شاہدرہ کی ووٹر ہوں،آپ کا شاہدرہ کسی اور سیارے میں ہے،جہاں یہ سب ہورہا ہے۔ اپنے بیا ن میں انہوںنے کہاکہ عمران خان نے جیسے درخت کے پی کے میں لگائے ایسے درخت عثمان بزدار شاہدرہ میں لگارہے ہیں۔

شاہدرہ میں گندگی،کچرے،سیوریج کے پانی سے لوگوں کا جینا محال ہوچکا ہے۔عثمان بزدار جعلی تصویریں شیئر کرکے شاہدرہ کو لاہور کی جنت بناکر پیش کررہے ہیں۔سرسبز شاداب پنجاب مہم کے دوران حکومت کے لگائے 57فیصد پودے پانی نہ ملنے اور دیکھ بھال ہونے سے مر چکے ہیں۔کاش عثمان بزدار اصلی مرے اور مرجھائے اور گلے سڑے پودوں کی تصویریں شیئر کرتے،تبدیلی سرکار کے ہر کام میں ٹکے ماری اور دونمبری کا عنصر پایا جاتا ہے۔انہوںنے کہا کہ جعلی طریقے سے بنی حکومت کے کام بھی جعلی اور فوٹوسیشن پر مبنی ہوتے ہیں۔

قوم ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر مانگ رہے ہیں ۔عمران خان اور عثمان بزدار قوم کا پیٹ درختوں کے پتوں سے بھرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔عمران صاحب قوم نے درختوں کے پتے نہیں روٹی کھاکر پیٹ بھرنا ہے لیکن آپ لوگ قوم کے منہ سے بچے ہوئے نوالے بھی چھیننے میں لگے ہیں۔