صدر اشرف بھٹی

عالمی مالیاتی اداروں کے چنگل سے چھٹکارے کیلئے میثاق معیشت کی قومی دستاویز تیارکی جائے ‘ اشرف بھٹی

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی مالیاتی اداروںکے چنگل سے چھٹکاراحاصل کرکے خود مختاری کی منزل کے حصول کیلئے میثاق معیشت کی قومی دستاویز تیارکی جائے ،حکومت ،حزب اختلاف اور تمام ادارے ایک میز پر بیٹھیں اور یہ طے کیاجائے کہ ملک کو بیرونی قرضوںکے چنگل سے کیسے چھٹکارادلانا ہے اور قومی خود مختاری اور سلامتی کو کیسے یقینی بنایا جاسکتاہے ۔

آج پاکستان قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے ، ہماری اپنی کوئی پالیسی نہیں جس کی وجہ سے عوام کااعتماد بھی متزلزل ہو رہا ہے ۔اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ پاکستان ایٹمی صلاحیت کا حامل ملک ہے لیکن کشکول اٹھانے کی وجہ سے دوسروں کی پالیسیوں کی پیروی کرتے ہوئے اپنی عوام کو روندا جارہا ہے جو ظلم اور نا انصافی ہے ،آئی ایم ایف کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لئے یہ بھی نہیں دیکھا جاتاہے یہ وہی عوام ہیں جن کے ٹیکسوں سے ملک کا نظام چلتاہے ۔

انہوں نے کہا کہ بے پناہ مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے پہلے ہی عوام کی قوت خرید جواب دے چکی ہے جس سے ہر طر ح کے کاروبار میںشدید مندی کا رجحان ہے۔ ٹیکسز کی بھرمار اور بھاری یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی کی وجہ سے کاروباری طبقات کی کمرٹوٹ چکی ہے لیکن انہیں ریلیف دینے کی بجائے ان پر مزیدبوجھ لادھنے کے مطالبات سامنے آرہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ شرح سودمیں کمی لائی جائے اور خاص طو رپر تاجروںکیلئے 30لاکھ روپے تک آسان شرائط پر بلا سودقرضوں کی پالیسی کابھی اعلان کیا جائے تاکہ مارکیٹ سے سرمائے کی قلت کا خاتمہ ہو سکے۔