اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر ایوی ایشن غلام سرور خان نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے سے پیٹرول کی قیمت بڑھانا پڑی، دنیا کے 130 ممالک میں پیٹرول ہم سے مہنگا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے ہر چیز کی قیمت بڑھتی ہے، غریب لوگوں کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی ہوگی، آٹا، چینی اور دالوں پر 40فیصد لوگوں کو سبسڈی دی جاتی ہے۔
ہفتہ کو وفاقی وزیر ایوی ایشن غلام سرور خان نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے علاوہ اشیائے خوردونوش بھی پاکستان میں سستی ہیں۔غلام سرور خان نے کہا کہ ہر ہفتے کابینہ میٹنگ میں خطے اور پاکستان میں قیمتوں کا جائزہ لیا جاتا ہے، دنیا کے 130ممالک میں پیٹرول ہم سے مہنگا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے ہر چیز کی قیمت بڑھتی ہے، غریب لوگوں کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی ہوگی، آٹا، چینی اور دالوں پر 40فیصد لوگوں کو سبسڈی دی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دو حالیہ حملوں کی ذمہ داری داعش نے لی، اسلام کے نام پر داعش گھناﺅنا کھیل کھیل رہی ہے اس کے پیچھے یہود و ہنوز ہیں، غلام سرور خان نے کہا کہ ایک داخلی مسئلہ میڈیا میں بہت زیادہ چل رہا ہے، اس مسئلے پر جتنی کم بات کی جائے یہ ملک کے حق میں ہے، موجودہ حکومت اور اداروں کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، میں نے کابینہ میں بھی اس مسئلے پر کوئی بات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ جب میں وزیر پیٹرولیم تھا اس وقت 40ڈالر فی بیرل کا کروڈ آئل تھا اور آج 80ڈالر فی بیرل ریٹ ہے، کوریا، جاپان ملائشیا میں پیٹرول کا ریٹ بہت زیادہ ہے جنوبی ایشیا کے ریجن میں پیٹرول کی قیمتیں آج بھی کم ہیں۔