سید یوسف رضا گیلانی 47

عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے موثر کردار اداکرے،چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ 5 جنوری 1949 ایک تاریخی دن ہے جب اقوام متحدہ کے کمیشن برائے بھارت و پاکستان نے جموں و کشمیر کے عوام کے اس ناقابلِ تنسیخ اور بنیادی حق کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا کہ وہ اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کریں، سات دہائیوں سے بھارت کشمیری عوام کو ان کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حقِ خودارادیت سے محروم رکھے ہوئے ہے،عالمی برادری اس مسئلے کے حل کے لیے موثر کردار اداکرے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین کشمیرکے یومِ حقِ خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں سید یوسف رضا گیلانی نے اس امر پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کی یہ قرارداد مسئلہ جموں و کشمیر کی بین الاقوامی حیثیت کی بنیاد ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہ مسئلہ آج بھی عالمی برادری کے ایجنڈے پر موجود ہے، سات دہائیوں سے بھارت کشمیری عوام کو ان کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حقِ خودارادیت سے محروم رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لیے منظم کوششیں کر رہا ہے جن کا مقصد کشمیری شناخت کو مٹانا ہے، یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور بنیادی انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات نے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روح کو شدید نقصان پہنچایا اور خطے کو مزید عدم استحکام سے دوچار کر دیا۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ مقبوضہ کشمیر میں دس لاکھ سے زائد بھارتی افواج کی موجودگی اور جاری جبر و تشدد وہاں ہونے والی سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے مظالم کے ذریعے کشمیری عوام کی جائز آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے،تاہم ان کی جرات اور جدوجہد آج بھی ثابت قدم ہے۔

پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ، پائیدار اور پْرامن حل کی حمایت کی ہے جو 5 جنوری 1949 کی اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے عین مطابق ہو۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور کشمیری عوام کو ان کا وعدہ شدہ حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں