مہاتیر محمد

عالمی برادری فلسطینیوں کی مدد، اسرائیلی جرائم کی مذمت کرے،مہاتیر محمد

کوالالمپور (رپورٹنگ آن لائن)ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کی مدد کرے اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے جرائم کی مذمت کی جائے۔ملائیشین میڈیا کے مطابق سابق وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا کہ فلسطینی قوم 73 سال سے ظلم کا شکار ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ دنیا فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہوجائے اور اسرائیلی ریاست کے جرائم اور مظالم کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی طرف سے اسرائیلی ریاست کے انسانیت کے خلاف جرائم پر مواخذہ نہ ہونے کے نتیجے میں صہیونی ریاست کے جرائم اور مظالم مزید بڑھ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی زندگی میں صہیونی ریاست کے نسل پرستانہ وڑن کو زوال پذیر ہوتا دیکھ رہے ہیں۔مہاتیر محمد نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف جو کچھ ہو رہا ہے وہ مغربی جمہوریت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے فلسطینیوں کے حوالے سے دہرا معیار ترک کرنے کا مطالبہ کیا۔سابق ملائیشن وزیراعظم نے کہا کہ ہم فلسطینیوں کو ان کے حال پر نہیں چھوڑ سکتے۔ ہمیں فلسطینیوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے تحریک کو متحرک کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مہاجرین کو اپنے علاقوں میں واپس جانے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے طاقت کے ذریعے ان کے حق واپسی کو دبا رکھا ہے۔