ہانگ کانگ (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ منسوخی کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
ہانگ کانگ میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر ختم کرنے کی کوششیں جنوبی ایشیا میں آبی امن کے لیے خطرہ ہیں اور یہ عمل عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے ہر بین الاقوامی فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا، کشمیریوں کو استصواب رائے ملنے تک مسئلہ کشمیر تنازع بنا رہے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ عالمی تنازعات خطے اور عالمی امن و استحکام کیلئے خطرہ ہیں، امن کیلئے سلامتی کونسل کی قردادوں اور عالمی قوانین پر عمل ضروری ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں مزید کہا ہے کہ موجودہ حالات میں سفارتکاری، ثالثی، مذاکرات اور عالمی تعاون ناگزیر ہے، علاوہ ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی کے قیام سے متعلق کنونشن پر دستخط بھی کر دیئے۔