مصری صدر

عالمی برادری سبزے کی بحالی میں اپنا کردارادا کرے،مصری صدر

قاہرہ (رپورٹنگ آن لائن)مصری صدرعبدالفتاح السیسی نے عالمی برادری، مالیاتی اداروں اور نجی شعبے پرزوردیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے 2030 کے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز)کے حصول کے لیے گرین ریکوری(سبزے کی بحالی)میں اپنا کردار ادا کریں اورمل جل کر کام کریں۔میڈیارپورٹس کے مطابق وہ قاہرہ میں بین الاقوامی تعاون کی وزارت کے زیراہتمام منعقد ہونے والے مصر بین الاقوامی تعاون فورم (مصر۔آئی سی ایف) کے افتتاحی اجلاس میں صدارتی خطاب کررہے تھے۔انھوں نے کہاکہ سبزے کی بحالی ایک فوری ضرورت بن گئی ہے اوریہ دنیا بھر میں حکومتی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

صدر السیسی نے کہا کہ ہمیں ترقی پذیر ممالک کے سماجی اور معاشی حالات میں رونما ہونے والے تغیرات کو نظراندازنہیں کرنا چاہیے۔یہ ممالک عالمی وبا کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثرہوئے ہیں اوراس سے ان کی سبز بحالی کے عمل کے ساتھ قدم ملانے کی صلاحیت میں رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے۔اب اس ایجنڈے کے مطلوبہ اہداف کے حصول کے لیے عالمی برادری اور مالیاتی اداروں کی حمایت درکار ہے۔