عاقب جاوید

عاقب جاوید کا لاہور قلندرز کیساتھ سفر نیشنل ڈیوٹی کی وجہ سے ختم

لاہور ( رپورٹنگ آن لائن)عاقب جاوید کا لاہور قلندرز کیساتھ سفر خوش اسلوبی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا، انکا یہ سفر پاکستان کرکٹ میں ذمہ رایاں سنبھالنے کے بعد ختم ہو ا۔ عاقب جاوید نے 8سال تک قلندرز کے ڈائریکٹر آف کرکٹ آپریشنز اور ہیڈ کوچ کے طور پر کامیابیاں حاصل کیں ۔ 52سالہ عاقب جاوید نے جون 2016میں لاہور قلندرز کو جوائن کیا اور ان کی کوچنگ میں ٹیم نے 2020سے 2023کے درمیان تین پی ایس ایل فائنلز کھیلے، جن میں دو مسلسل ٹائٹلز جیتے۔

ان کا لاہور قلندرز کے ساتھ تعلق انتہائی اہم رہا، کیونکہ وہ قلندرز کے ویژن کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتے رہے، خاص طور پر فرنچائز کے اہم پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے لئے اہم کردار ادا کیا۔ انکی محنت اور لگن سے لاہور قلندرز نے نوجوان کھلاڑیوں کو تلاش کیا اور مستقبل کے لئے مضبوط بنیادوں پر انکو سیکھنے کی بنیاد فراہم کی۔لاہور قلندرز کے ساتھ اپنے سفر کے بارے میں عاقب جاوید نے کہا کہ میرا قلندرز کے ساتھ وقت ایک ناقابل فراموش سفر رہا ہے، جو یادگار لمحات اور اہم کامیابیوں سے بھرا ہوا ہے۔

ان برسوں میں مجھے قلندرز کے ویژن پر کام کرنے کا موقع ملا، خاص طور پر پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی)جو میرے دل کے قریب رہا ہے۔ نوجوان ٹیلنٹ کو ترقی کرتے اور ابھرتے دیکھنا میرے لیے انتہائی اطمینان بخش رہا ہے۔فرنچائز کی میدان کے اندر اور باہر کامیابیوں میں حصہ ڈالنا ایک قابل فخر تجربہ تھا۔ تاہم، آٹھ شاندار سالوں کے بعد، مجھے محسوس ہوتا ہے کہ اب قومی ٹیم کے ساتھ نئے چیلنج کو قبول کرنے کا وقت آگیا ہے۔ میں پاکستان کرکٹ کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کے لیے پرجوش ہوں اور امید کرتا ہوں کہ میں اپنی مہارت اور جذبہ کے ساتھ ملک کے لیے نمایاں کردار ادا کر سکوں گا۔

لاہور قلندرز کے سی او اوثمین رانا نے کہا کہ میں عاقب بھائی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے ہمارے ساتھ ان برسوں میں جو کامیابیاں حاصل کیں ان پر فخر کر سکتے ہیں ، اور قلندرز کے ویژن اور فلسفے کو بلند کرنے میں ان کی انتھک محنت کا شکریہ اداکرتا ہوں۔ پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے سے لے کر پی ڈی پی کے ذریعے نوجوان ٹیلنٹ کی نشوونما تک، عاقب کی میراث ہمیشہ قلندرز کے لئے باعث فخر ہے۔ہم بوجھل دل کے ساتھ الگ ہورہے ہیں لیکن ہم ان کے پاکستان کرکٹ کے ساتھ نئے سفرپر خوش ہیں۔

ہماری انکے لئے نیک خواہشات ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ عاقب کا لاہور قلندرز کے ساتھ حاصل کیا گیا تجربہ انہیں قومی سطح پر پی ڈی پی کے ویژن کو جاری رکھنے اور مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گا۔لاہور قلندرز نے قومی ٹیم کیلئے ٹیلنٹ کو ڈویلپ کرنے کے لیے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے اب عاقب جاوید کا نیشنل مینجمنٹ میں جانا ملکی کرکٹ کو اسپورٹ کرنے کی ایک مثال ہے۔