شہباز شریف

ظالم حکومت سے نجات حاصل کیے بغیر ملک کی معاشی حالت نہیں سدھرے گی، شہباز شریف

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ ظالم حکومت سے نجات حاصل کیے بغیر ملک اور عوام کی معاشی حالت نہیں سدھرے گی۔ جمعہ کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے عوام سے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ مرکز، صوبے اور اضلاع میں پارٹی رہنما شہری و کارباری تنظیموں اور عوامی انجمنوں کے ساتھ اشتراک عمل کو یقینی بنائیں۔مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کو بھرپور بنانے کے لیے پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگلت بلتستان کے صوبائی اور اضلاع کے صدور کو ہدایت جاری کردی ہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، معاشی تباہی کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں عوام بھرپور شرکت کرکے حکومت پر عدم اعتماد کریں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ ظالم حکومت سے نجات حاصل کیے بغیر ملک اور عوام کی معاشی حالت نہیں سدھرے گی، حکومت کو مزید وقت دینے کا مطلب عوام کی مزید تباہی، مزید مہنگائی اور مزید بے روزگاری ہے۔