محمد جاوید قصوری 46

طلباء پر ایف آئی آر کاٹ کر انہیں جیلوں میں ڈالنا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے’جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے پنجاب حکومت کی جانب سے چنگ چی رکشہ پر پابندی اور بھاری بھرکم چالانوں کے اجرا کو ظالمانہ اور عوام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ لاکھوں غریب خاندانوں کے معاشی قتل کے مترادف ہے،چنگ چی رکشہ غریب اور متوسط طبقے کی سفری ضرورت پوری کرتا ہے جبکہ ہزاروں گھرانوں کا روزگار اسی سے وابستہ ہے،

حکومت کا یہ فیصلہ نہ صرف متاثرین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کر دے گا بلکہ بیروزگاری کی نئی لہر بھی پیدا کرے گا، جو موجودہ معاشی صورتحال میں کسی بھی طرح قابلِ قبول نہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پنجاب حکومت کی جانب سے چنگ چی رکشہ پر پابندی ، ٹریفک جرمانوں میں ہوشربا اضافے اور ٹریفک وارڈنز کے نارواسلوک اور ایف آئی آرز کے اندراج پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا ۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ پنجاب میں چالانوں اور بے جا ایف آئی آرز کے اندراج کا سلسلہ بھی کھلی ناانصافی ہے۔ سکول، کالج اور یونیورسٹی کے طلباء پر ایف آئی آر کاٹ کر انہیں جیلوں میں ڈالنا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، ان پر مقدمات بنا کر ان کی زندگیوں اور کیریئرز کو داؤ پر لگانا دانشمندی نہیں بلکہ حکومتی ناکامی کا اظہار ہے۔ ایسا طرزِ حکمرانی نوجوانوں میں احساسِ محرومی اور بے چینی بڑھانے کا باعث بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھاری چالانوں کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا کسی بھی طرح اصلاحات نہیں بلکہ عوام کو مزید معاشی دباؤ میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ عوام کی مشکلات کا ادراک کرے، ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بہتری لانے کے لیے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے اور ایسے فیصلوں سے گریز کرے جن سے غریب طبقہ مزید پس کر رہ جائے۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مطالبہ کیا کہ حکومت ان عوام دشمن اقدامات پر نظرثانی کرے اور چنگ چی رکشہ پابندی، بھاری چالان اور نوجوانوں کے خلاف ایف آئی آر کے عمل کو فی الفور واپس لیا جائے۔ جماعت اسلامی ہر فورم پر عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور کسی بھی ظالمانہ اقدام کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں