ثمن انصاری

طلاق کے بعد پاکستان اس لیے نہیں آئی لوگ طعنے دیں گے، ثمن انصاری

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ ثمن انصاری کا کہنا ہے کہ طلاق کے بعد پاکستان اس لیے نہیں آئیں کہ لوگ انہیں طعنے دیں گے۔اداکارہ ثمن انصاری نے حال ہی میں پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور کیریئر سمیت نجی زندگی اور طلاق سے متعلق اظہار خیال کیا۔انہوں نے بتایا کہ جب وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کینیڈا گئیں تو وہاں ان کے نانا اور نانی نے ان کی شادی کروادی، پہلی شادی 16 سال تک چلی لیکن بعد میں طلاق ہوگئی۔اداکارہ کے مطابق شادی اور پڑھائی کے دوران کبھی وہ امریکا تو کبھی کینیڈا منتقل ہوتی رہیں کیونکہ شوہر کی ملازمت کی وجہ سے سفر کرنا پڑتا تھا۔

ثمن انصاری کے مطابق شادی کے بعد انہیں بیٹا بھی ہوا لیکن بعد ازاں ان کی طلاق ہوگئی، جس کے بعد وہ امریکا اور کینیڈا سے متحدہ عرب امارات منتقل ہوگئیں، جہاں دبئی میں انہوں نے مختلف ملازمتیں کرکے گزر بسر کیا۔انہوں نے بتایا کہ طلاق کے قوانین کے مطابق وہ براہ راست پاکستان منتقل نہیں ہوسکتی تھیں کیوں کہ ایک شرط یہ بھی تھی کہ بچے کی تعلیم ان ہی اسکولوں میں برقرار رہے، جہاں وہ پڑھتے رہے تھے۔

ثمن انصاری کے مطابق اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان میں طلاق یافتہ خواتین کو ملنے والے طعنوں اور خصوصی طور پر والدین کو ملنے والے طعنوں کی وجہ سے بھی ملک میں نہ آنے کا فیصلہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ طلاق کے فوری بعد پاکستان آجاتیں تو لوگ ان کے والدین کو طعنے دیتے کہ خاتون نے طلاق لے لی، پھر بیٹے کو بھی چھوڑ کر آگئیں، کردارکشی کی جاتی، اس لیے انہوں نے دبئی میں رہائش اختیار کی۔اس سے قبل ایک انٹرویو میں ثمن انصاری نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے دوسری شادی اس وقت کی تھی جب بیٹا آیان 12 سال کا تھا۔