اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے قومی ٹیم کے لیے غیر ملکی ماہر کوچز کو ضروری قرار دے دیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر زمان نے کہا کہ اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ اور گول کیپنگ کیلئے غیر ملکی ماہر کوچز کی ضرورت ہے، یہ دو شعبے ایسے ہیں جہاں ہمیں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بہترین ایکسپرٹ ان شعبوں کیلئے لے کر آئیں، ان شعبو ں میں غیر ملکی کوچز کو زیادہ بہتر سمجھا جاتا ہے، پرو ہاکی لیگ آسان ٹورنامنٹ نہیں ہے ، ان شعبوں پر ہمیں بہت کام کرنا ہے۔ہیڈ کوچ نے بتایا کہ فزیکل فٹنس اور گول کیپنگ کا پوری ٹیم کی کارکردگی پر مثبت اثر پڑتا ہے.
پرو ہاکی لیگ سے قبل کئی ممالک سے سیریز کھیلنے کے لیے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔طاہر زمان نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کوشش ہے کہ سیریز کو ممکن بنایا جائے،ملائیشیا، بنگلادیش اور اسپین کے خلاف زیادہ سے زیادہ کوشش ہے کہ میچز کا موقع ملے۔انہوںنے کہاکہ پرو ہاکی لیگ کی تیاری کے لیے انٹرنیشنل میچز کھیلنا ضروری ہیں۔