برلن (ر پورٹنگ آن لائن)جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے کہا ہے کہ جرمنی اکتیس اگست کی مہلت ختم ہونے کے بعد بھی افغانستان کی معاونت جاری رکھے گا۔ طالبان کے ساتھ ممکنہ مکالمت سے جھجھکنا نہیں چاہیے۔بین الاقوامی برادری کو طالبان کے ساتھ بات چیت جاری رکھنی چاہیے تا کہ افغانستان میں گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ہونے والی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کو محفوظ رکھا جا سکے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن چانسلر نے ملکی پارلیمنٹ میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی نئی صورت حال ایک تلخ حقیقت ہے تاہم جرمنی سمیت مغربی دنیا کو اس حقیقت کا سامنا کرنا ہو گا۔ میرکل کے بقول ان کی حکومت چاہتی ہے کہ گزشتہ بیس برسوں کے دوران افغانستان میں بین الاقوامی برادری کے تعاون سے جو ترقیاتی کام ہوئے ہیں انہیں کوئی نقصان نہ پہنچے۔انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان میں جو کچھ گزشتہ بیس برسوں میں حاصل کیا گیا ہے، اس کا تحفظ کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس عمل کے دوران طالبان کے ساتھ ممکنہ مکالمت سے بھی جھجھکنا نہیں چاہیے۔ چانسلر میرکل نے ابھی کل ہی افغانستان کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں اس ملک کے لیے جرمنی کی طرف سے انسانی بنیادوں پر مہیا کی جانے والی مالی امداد میں پانچ سو ملین یورو کے اضافے کا اعلان بھی کیا تھا۔چانسلر میرکل کا کہنا تھا کہ فضائی راستے سے افغان شہریوں کے انخلا کا عمل اگلے دنوں میں ختم ہو جائے گا لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ بین الاقوامی برادری افغان شہریوں کی مدد کے سلسلے کو بھی ختم کر دے گی۔پارلیمنٹ میں تقریر کرتے ہوئے انگیلا میرکل نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ اس وقت افغان شہریوں کو ہنگامی صورت حال کا سامنا ہے اور اس تناظر میں عملی اقدامات سے ہی لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جا سکتا ہے۔