سراج الحق

طالبان کا امریکا کو شکست سے بڑا کارنامہ پرامن افغان حکومت کا قیام ہوگا، سراج الحق

راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ طالبان کا امریکا کو شکست سے بڑا کارنامہ پرامن افغان حکومت کا قیام ہوگا،لینڈ مافیاز سیاست پر قابض ہیں جنہوں نے 22کروڑ عوام کو یرغمال بنایا ہے، ہم پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں کوئی فرق نہیں سمجھتے، ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ڈکٹیٹروں نے بار بار حکومت کی ہے لیکن اقتدار میں رہنے والوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا،

ہفتہ کو راول پنڈی میں ناشتہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ خیر اور شر پوری دنیا میں موجود ہے لیکن صحافی حضرات خیر کا سہارا بنیں، ہماری دعوت ہے کہ آ مل کر اپنے ظاہر باطن کو ایک بنادیں، پاکستان دین کے نام پر بنا ہے اس کو اللہ کے احکامات پر چلائیں، جماعت اسلامی چاہتی ہے سب لوگ اس راستے پر چلیں کہ جنت میں جائیں،امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں سودی نظام ختم ہو، ملک میں کرپشن نہ ہو، دولت کی منصفانہ تقسیم ہو، ہماری عدالتوں میں قرآن کا نظام ہو، دین کی روشنی تعلیم کا حصہ ہو، ہمارا استاد خوبصورت معاشرہ تشکیل دے،سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی جمہوری راستے پر یقین رکھتی ہے، کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے لیے 22امیدوار کھڑے کیے ہیں، الیکشن سے پہلے ایک ایسا نظام ہونا چاہیے جس پر سب جماعتوں کو اتفاق ہو، اب جو الیکشن ہوتے ہیں اس میں سلیکشن ہوتی ہے، پارٹی لیڈر ٹکٹ ان کو دیتے ہیں جو 60سے 70کروڑ روپے پارٹی کو ادا کرے،

لینڈ مافیاز سیاست پر قابض ہیں جنہوں نے 22کروڑ عوام کو یرغمال بنایا ہے، ہم پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں کوئی فرق نہیں سمجھتے، ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ڈکٹیٹروں نے بار بار حکومت کی ہے لیکن اقتدار میں رہنے والوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا،سراج الحق نے کہا کہ افغانستان میں آگ ہوگی تو تپش پاکستان میں محسوس ہوگی، افغان طالبان نے امریکہ کو شکست دے کر اس صدی کا بڑا کارنامہ سرانجام دیا، طالبان کو مبارکباد دیتے ہیں، لیکن امریکہ کو شکست سے بڑا کارنامہ افغانستان میں پرامن حکومت کا قیام ہے، ہم کوشش کررہے ہیں اور طالبان قیادت سے رابطے میں ہیں ، طالبان بھی سمجھتے ہیں کہ بندوق کے زور پر شہر فتح نہیں کرنے چاہئیں۔