کابل (رپورٹنگ آن لائن)طالبان نے افغان حکومت کے ساتھ ساتھ اتحادی افواج کے لیے بھی کام کرنے والوں کے لیے عام معافی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے مال و جان کی حفاظت اسلامک امارات آف افغانستان کی بنیادی ذمے داری ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ مجاہدین خزانہ، عوامی سہولیات، سرکاری دفاتر اور آلات، پارکس، سڑکوں اور پل وغیرہ پر خاص توجہ دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ عوام کی املاک ہیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی ذاتی مداخلت یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور اس کا انتہائی سختی کے ساتھ تحفظ کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اسلامک اسٹیٹ آف افغانستان ان تمام افراد کے لیے اپنے دروازے کھولتی ہے جنہوں نے ماضی میں حملہ آوروں کے لیے کام کیا اور ان کی مدد کی یا جو ابھی بھی کرپٹ افغان حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم ان کے لیے عام معافی کا اعلان کرتے ہیں اور انہیں دعوت دیتے ہیں کہ وہ قوم اور ملک کی خدمت کریں۔
ترجمان نے کہا کہ حال ہی میں کابل انتظامیہ نے بے بنیاد پراپیگنڈا شروع کیا ہے کہ اسلامک امارات لوگوں کو اپنی بیٹیوں سے شادی پر مجبور کررہے ہیں یا مجاہدین سے ان کی بیٹیوں کی شادی کے لیے دبائو ڈال رہے ہیں، وہ کبھی کہتے ہیں کہ طالبان عوام اور قیدیوں کو قتل کررہے ہیں لیکن یہ تمام تر الزامات بے بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ چند گھنٹے قبل مزید ٹوئٹس کرتے ہوئے کہا کہ اسلامک امارات آف افغانستان کسی کی نجی املاک(گاڑی، زمین، گھر، مارکیٹوں یا دکانوں)میں دلچسپی نہیں رکھتی بلکہ عوام کے مال و جان کی حفاظت ہماری بنیادی ذمے داری ہے۔انہوں نے سابقہ مقف کو ایک مرتبہ پھر دہراتے ہوئے باور کرایا کہ ایسے تمام تر دعوے بے بنیاد ہیں کہ اسلامک امارات آف افغانستان لوگوں کو اپنی بیٹیوں کی شادی مجاہدین سے کرنے پر مجبور کررہے ہیں اور یہ زہریلا پراپیگنڈا ہے۔