آصف علی زرداری 41

طالبان نے نائن الیون سے پہلے کے دور سے زیادہ خطرناک حالات پیدا کردیے ہیں،صدر پاکستان

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہاہے کہ طالبان نے نائن الیون سے پہلے کے دور سے زیادہ خطرناک حالات پیدا کردیے ہیں،پاکستان کا مشرقی ہمسایہ طالبان رجیم کی مدد کر رہا ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے اور عالمی امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے،کچھ ممالک دہشتگردوں کو ناصرف براہِ راست مالی معاونت فراہم کرتے ہیں بلکہ انہیں تکنیکی اور عسکری ذرائع بھی فراہم کرتے ہیں۔

اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان عالمی رہنماؤں، حکومتوں اور بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے اظہارِ ہمدردی اور یکجہتی کے جذبات پر ممنون ہے۔ یہ پیغامات اس امر کی توثیق کرتے ہیں کہ دہشت گردی اور پرتشدد نظریات کے خلاف جدوجہد مشترکہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارامؤقف بہت واضح ہے کہ کوئی ایک ملک تنہا دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کر سکتا، پاکستان میں ہونیوالے واقعات سے یہ بات ثابت ہے کہ جب دہشت گرد گروہوں کو بیرونی مدد اور سہولت کاری حاصل ہو تو اس کے نتائج معصوم شہریوں کو بھگتنا پڑتے ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بعض ہمسایہ ممالک بدقسمتی سے دہشت گرد عناصر کو اپنی سرزمین سے پاکستان مخالف کارروائیوں کی اجازت دے کر اس جرم میں شریک ہیں۔اْن کی جانب سیمالی معاونت کیساتھ دہشتگردوں کوتکنیکی اور عسکری وسائل بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔صدرمملکت نیافغانستان کی صورتحال پر سخت تشویش کاظہارکرتے ہوئے کہا کہ طالبان رجیم نے ایسے حالات پیدا کر دیئے ہیں جو نائن الیون کی طرح یا اْس سے بھی بدتر ہیں۔اْس وقت بھی دہشت گرد تنظیمیں عالمی امن کے لیے خطرہ بنی ہوئی تھیں اور اس کا انجام 11 ستمبر کے سانحے کی صورت میں سامنے آیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ کہ پاکستان کا مشرقی ہمسایہ طالبان رجیم کی معاونت کر کے پاکستان کے ساتھ علاقائی اور عالمی امن کو بھی خطرے میں ڈال رہا ہے۔ صدرمملکت نے مشکل گھڑی میں اظہارِ ہمدردی اور تعاون پر عالمی برادری کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ امن، استحکام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں