سیلفی پرپابندی

طالبان قیادت اپنے جنگجوﺅں کی تفریح سے پریشان، سیلفی پرپابندی

کابل(رپورٹنگ آن لائن) طالبان کے وزیردفاع مولوی محمد یعقوب، جو تحریک طالبان کے بانی ملا محمد عمر کے بیٹے ہیں، نے طالبان کی سیلیفوں پر سخت تنقید کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق پندرہ اگست 2021 کو کابل پر کنڑول سے قبل طالبان کئی سال تک شہروں کی گہما گہمی اور تفریح سے دور دیہاتوں میں رہے۔

جب وہ ڈرامائی انداز میں شہروں پر کنٹرول حاصل کرنے لگے تو ان میں سے بہت سے جنگجوں کے لیے شہروں کی زندگی عجیب، انوکھی اور نئی تھی۔یہی وجہ ہے کہ بڑی عمر کے طالبان جنگجوں کو بھی شہروں کے تفریح پارکوں میں کھلونوں اور جہاز کے پروں سے پینگ جھولتے اور دل بہلاتے دیکھا گیا۔ طالبان کا کھیل کود صرف تفریح تک محدود نہیں رہا بلکہ وہ اسمارٹ فون کا استعمال کرتے ہوئے سیلفیاں بناتے اور انہیں سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کرتے رہے ہیں۔مگر اب لگتا ہے کہ طالبان کی اعلی قیادت کو اپنے ساتھیوں کا یہ کھیل تماشا اچھا نہیں لگا۔

انہوں نے طالبان کے سیلفی بنانے پر پابندی عاید کر دی ہے۔طالبان کے وزیردفاع مولوی محمد یعقوب، جو تحریک طالبان کے بانی ملا محمد عمر کے بیٹے ہیں، نے طالبان کی سیلیفوں پر سخت تنقید کی ہے۔طالبان جنگجووں کے نام اپنے تازہ پیغام میں ملا یعقوب نے انہیں بہ قول ان کے آوارہ پن پر مشتمل سرگرمیوں سے باز رہنے کی تاکید کی۔ ان کا کہنا تھاکہ گروپوں کی شکل میں بے مقصد بازاروں میں نہ گھومیں، کابل میں حکومتی عمارتوں اور سیاحتی مقامات کی خواہ مخواہ تشہیر نہ کریں۔