اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن اور 10 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے بے مثال جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے آپریشن کے دوران کیپٹن حسنین اختر کی شہادت پر گہرے دْکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن حسنین اختر نے اپنے خون سے ملک کی حفاظت کی ایک نئی داستان رقم کی ہے، اور ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ برسرِ پیکار ہیں اور قوم کو اپنے ان جری محافظوں پر فخر ہے۔ دہشتگردی کے خلاف یہ جنگ آخری خارجی کے خاتمے تک جاری رہے گی۔