محمود الرشید

ضمنی انتخابات میں کراچی سمیت تمام سیٹوں پر کلین سوئپ کرنے جا رہے ہیں، عمران خان تمام سیٹیں جیتیں گے، محمود الرشید

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پنجاب کے وزیر بلدیات محمود الرشید نے کہا ہے ضمنی انتخابات میں کراچی سمیت تمام سیٹوں پر کلین سوئپ کرنے جا رہے ہیں، عمران خان تمام سیٹیں جیتیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ سب تیار بیٹھے ہیں کہ عمران خان کال کب دیں گے، اسلام آباد کی طرف لاکھوں لوگ مارچ کریں گے جس میں کسان، مزدور، تاجر، طلبہ، علما، وکلا سب شامل ہوں گے، رانا ثنا اللہ عمران خان کی مقبولیت دیکھ کر ذہنی توازن کھو بیٹھا ہے، وہ سانحہ ماڈل ٹاون کا مرکزی کردار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 6 ماہ میں سب نے ہی دیکھ لیا ہے کہ یہ حکومت مکمل ناکام ہو چکی ہے، مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے اور حکومت نے انہیں زندہ درگور ہونے پر مجبور کر دیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سیاسی صورتحال انتہائی خوفناک منظر کی طرف بڑھ رہی ہے، مسائل سے نکلنے کا واحد حل صاف شفاف انتخابات ہیں، اگر عام انتخابات نہیں کرائے گئے توپاکستان مزید نیچے کی طرف جائے گا۔