ننکانہ صاحب(رپورٹنگ آن لائن)ضلع ننکانہ صاحب میں قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز 13اکتوبر سے ہوگا ، پولیو مہم 16اکتوبر تک جاری رہے گی، مہم کے دوران ضلع ننکانہ میں 02 لاکھ 88 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسداد پولیو مہم اور ڈینگی کی روک تھام کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو کی زیر صدارت اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے محکمہ صحت و دیگر اداروں کو انسداد پولیو مہم موثر اور کامیاب بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی تک خطرہ برقرار ہے۔انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز انسداد پولیو مہم کی خودنگرانی کریں گے، پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے۔
ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے مائیکرو پلانز کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔اسسٹنٹ کمشنرز ٹرانزٹ پوائنٹس پر ویکسیئن کے قطرے پلانے کیلئے خصوصی اقدامات کریں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر روحیل اختر نے پولیو مہم کی تیاریوں بارے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو ٹیموں کی ٹریننگ کا پراسس جاری ہے، انسداد پولیو مہم کیلئے 30 ٹرانزٹ ، 72 فکسڈ ، 1096 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، مجموعی طور پر 1198 ٹیمیں 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا قومی فریضہ سرانجام دیں گی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی مچھر کی افزائش کی روک تھام کے لیے ہاٹ سپاٹ مقامات کی چیکنگ یقینی بنائی جائے، ڈینگی ٹیمیں ان ڈور، آوٹ ڈور مقامات کی چیکنگ کرکے مطلوبہ اہداف حاصل کریں۔
انہوں نے کہا کہ مچھر کی افزائش کا باعث بننے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار علی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر ، اسسٹنٹ کمشنرز ، سی او ہیلتھ ڈاکٹر روحیل اختر ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کامران واجد متعلقہ محکموں کے حکام، پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے بین الاقوامی اداروں کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک تھے۔