کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے چیف سیکرٹری کو ضلعی انتظامیہ عدالتوں کے ملازمین اور جوڈیشل افسران کو جوڈیشل الاؤنس جاری کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔
سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ میں عدالتی احکامات کے باوجود ضلعی عدلیہ کے ملازمین کے الاونسز میں اضافہ نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی ۔عدالت نے چیف سیکرٹری کو ضلعی انتظامیہ عدالتوں کے ملازمین اور جوڈیشل افسران کو جوڈیشل الائونس جاری کرنے کا حکم دے دیا ۔عدالت نے حکم دیا کہ ضلعی عدالتوں اور دیگر جوڈیشل ملازمین کو مساوی الائونس جاری کرکے 24 فروری کو رپورٹ پیش کی جائے ۔عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں چیف سیکرٹری، سیکرٹری قانون، سیکرٹری فنانس سندھ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔
عدالت نے چیف سیکریٹری، سیکریٹری فنانس، سیکریٹری قانون اور اکاونٹنٹ جنرل سندھ کو شوکاز نوٹس جاری کر رکھا ہے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ عدالت نے ضلعی عدلیہ کے ملازمین کے الاؤنسز ہائی کورٹ ملازمین کے مساوی کرنے کا حکم دیا تھا۔عدالتی احکامات کے باوجود ضلعی عدلیہ کے ملازمین کے الاونسز میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ضلعی عدلیہ کے ملازمین کو ہائی کورٹ ملازمین کے مساوی جوڈیشل الاونسز اور یوٹیلیٹی الاؤنس نہیں دیا جارہا۔ْایک ہی صوبے میں ملازمین میں تفریق غیر قانونی ہے۔









