ہمایوں اختر خان

صوبے کے تمام اضلاع کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنیکی پالیسی نا گزیر ہے ‘ ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ(رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کی پالیسی نا گزیر ہے ، کسانوں، تاجروں، نوجوانوں ، خواتین اور خصوصاً پسے ہوئے طبقات کے مسائل کو ہر سطح پر اجاگر کریں گے ،یہاں کی عوام سے جو دیرینہ تعلق ہے اس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوطی آئے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 97کے طویل دورہ کے موقع پر مقامی لوگوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان سے لڈو چوک میں قائم سیاسی دفتر میںمختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے عمائدین اور عوام نے بھی وفود کی صورت میں ملاقاتیں کیں جس میں علاقے کے دیرینہ مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا ۔

وفود نے ہمایوں اختر خان کی جانب سے حلقے کی عوام سے بلا تعطل رابطوں اور ان کی غمی خوشی میں شریک ہونے پر اظہار تشکر کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اس حلقے کے لوگ میرے اپنے ہیں اور ہم نے تعلق نبھا کر دکھایا ہے ، حلقے میں تاندلیانوالہ ، مامو ںکانجن اور کنجوانی میں تین دفاتر قائم کئے ہیں اور ان کے دروازے عوام کے لئے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں ،ہم سیاست کسی غرض کے بغیر صرف خدمت کی نیت سے کر رہے ہیں اوراپنی استعداد سے بڑھ کر حلقے کے مسائل کے حل کیلئے کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے ترقی کا منشور پیش کیا ، خدا کی ذات نے جب بھی موقع دیا اپنے پیش کئے گئے منشور پر عمل کر کے نہ صرف اس حلقے بلکہ پورے ضلع کی تقدید بدلیں گے ۔ یہاں کے بچوں اور بچیوں کیلئے اعلیٰ تعلیم اور جدید ہنر کے مواقع میسر ہوں گے، عوام کو تعلیم اور صحت کی بہترین سہولتیں دستیاب ہوں گی ، ہم آئی ٹی اور زراعت پر خصوصی توجہ مرکوز کریں گے جس کے اثرات ہر جگہ نظر آئیں گے۔ ہمایوں اختر خان نے علاقے میں انتقال کر جانے والوں کے عزیز و اقارب سے ملاقاتیں کر کے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔