اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ صوبے لاک ڈاﺅن سے متعلق انفرادی فیصلہ نہیں کرسکتے، اگراین سی او سی طریقہ کار کے مطابق نہیں چلیں گے تو وفاقی حکومت آئینی اختیارات استعمال کرے گی۔
پیر کوفواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ وفاق نے کئی دن سے اپنی پوزیشن واضح کر رکھی ہے، وزیراعلی سندھ نے اسد عمر اور ڈاکٹر فیصل سے رابطہ کیا اور کہا کہ ہم صوبے میں لاک ڈان کرنے جارہے ہیں،صوبے لاک ڈان سے متعلق انفرادی فیصلہ نہیں کرسکتے، اس حوالے سے سندھ حکومت کو اپنے طور پر فیصلے کرنے کا اختیارنہیں ہے، کورونا وائرس کی تین لہروں کا سب نے مشترکہ طور پر مقابلہ کیا جب کورونا کی3لہروں کا سامنا کیاہے تو پھراپنا طریقہ کار کیوں بدلیں گے؟
انہوں نے کہا کہ سوچنا ہوگا کہ آخر کراچی میں کورونا کی شرح30فیصد تک پہنچی کیوں؟ وہ اس لیے کہ سندھ حکومت کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد نہیں کراسکی ،انڈسٹریز کو مکمل بند نہیں کرسکتے، دیہاڑی دار طبقے کو بیروزگار نہیں کرسکتے، این سی اوسی طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھنا چاہیے۔وزیراطلاعات نے واضح الفاظ میں کہا کہ اگراین سی او سی طریقہ کار کے مطابق نہیں چلیں تو وفاقی حکومت آئینی اختیارات استعمال کرے گی۔