عظمی بخاری 45

صوبہ بھر میں23لاکھ سے زائدنگہبان کارڈز لوگوں کی دہلیز تک پہنچائے جا چکے ہیں،عظمی بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے رمضان نگہبان پیکج کی تقسیم کا سلسلہ کامیابی سے جاری اور مستحق افراد کو امدادی رقم بغیر کسی لائن کے ان کی دہلیز تک پہنچائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے شفافیت، رفتار اور عزتِ نفس کو یقینی بناتے ہوئے عوامی خدمت کا نیا معیار قائم کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ابتک نگہبان رمضان دسترخوان پر افطاری کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 78 ہزار 578 ہو چکی ہے جو اس پروگرام پر عوام کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے اضلاع میں مجموعی طور پر 26 لاکھ 8 ہزار 192 نگہبان کارڈز وصول کیے اور 23 لاکھ 2 ہزار 540 نگہبان کارڈز لوگوں کی دہلیز تک پہنچائے جا چکے ہیں۔

مزید برآں اب تک 19 لاکھ 68 ہزار 829 نگہبان کارڈز کیش بھی کروائے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات اور رہنمائی کے لیے شروع کی گئی ’’مریم کو بتائیں ‘‘ ایپ کے ذریعے اب تک 13 ہزار 892 شہریوں کو فی کس 10 ہزار روپے امداد فراہم کی جا چکی ہے جو حکومت کے فوری اور موثر رسپانس کا مظہر ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب کے چپے چپے میں بلا تفریق ترقیاتی کام جاری ہیں اور ترقی کا سفر اب لاہور تک محدود نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا جو معیار لاہور میں نظر آتا ہے، وہی اٹک اور رحیم یار خان میں بھی دکھائی دے رہا ہے۔عظمی بخاری نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اپنے طرزِ حکمرانی سے عوام کے دلوں میں جگہ بنا رہی ہیں اور ناقدین بھی ان کی کارکردگی کے معترف ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز پورے پنجاب کو گھر کی طرح خوبصورت اور مثالی صوبہ بنانے کے مشن پر گامزن ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں