سعید الحسن شاہ

صوبہ بھر میں رشوت و اقرباء پروری کلچر کے خاتمہ کے لئے سخت ایکشن لیا جا رہا ہے’سعید الحسن شاہ

لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے تعمیراتی کمپنیوں ے نمائندگان سے ملا قات میں کہا ہے کہ صوبہ بھر میں رشوت و اقرباء پروری کلچر کے خاتمہ کے لئے سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔

اس مقصد کے لئے حکو مت صوبہ میں تیز رفتار ترقی اور سرمایہ کاری کے لئے ہر سطح پر عوام کیلئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔ وزیراعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر تعمیراتی شعبہ کے فروغ کیلئے آن لائن سروس کا آغاز کردیا گیا ہے۔ و زیر اعلیٰ پنجاب کی بہترین حکمت عملی کے تحت ون ونڈوپلیٹ فارم فعال کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کو تعمیراتی بزنس حب بنانے کیلئے ای مراکز میں قائم کیا جانے والا یہ ون ونڈو نظام بلڈرز، ڈویلپرز، آرکیٹیکٹس کیساتھ ساتھ نجی تعمیرات کے حوالے سے عوامی مسائل کے حل کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے۔ اب رہائشی یا کمرشل منصوبوں کے نقشوں کی منظوری، تکمیل تعمیر سرٹیفیکیٹ، زمین کے استعمال میں تبدیلی کا این او سی یا نجی سوسائٹیوں کیلئے اجازت نامے، سب ایک چھت تلے ای خدمت مراکز سے فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ون ونڈو نظام کی کامیابی کے بعد وزیراعظم کی ہدایات کے پیش نظر اس سسٹم کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ون ونڈو سروس کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے یہ سروس عوام کی دہلیز تک پہنچا دی گئی ہے۔

اب عوام آن لائن پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے تعمیراتی شعبے سے متعلقہ خدمات ایک کلک پر حاصل کرسکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ حکومتی پالیسی کے پیش نظر پنجاب حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر اپروولز رجیم پنجاب متعارف کرائی تھیں جس میں متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں کو پابند بنایاگیا ہے کہ ہر لحاظ سے مکمل درخواستوں کو مقررہ مدت میں این او سیز یا اجازت نامے جاری کئے جائیں۔

انہوںنے کہاکہ اس رجیم میں نقشے کی منظوری اور تکمیل تعمیر سرٹیفیکیٹ کے حصول کیلئے 30 دن، زمین کے استعمال میں تبدیلی کے این او سی کیلئے 45 دن اور رہائشی سوسائٹیوں کے اجازت نامے کیلئے 60 سے 75 دن کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے یہی کام مہینوں اور اکثر سالوں میں مکمل ہوتے تھے۔

ایل ڈی اے، جی ڈی اے، آر ڈی اے، ایف ڈی اے، ایم ڈی اے، PHATA، لوکل گورنمنٹس (میٹروپولیٹن کارپوریشنز) کو ڈیجیٹل نیٹ ورکنگ سے جوڑے رکھنے کا یہ سسٹم ایک تاریخی اقدام ہے۔ درخواست گزار کو اب رہائشی تعمیرات یا رہائشی سکیموں کے اجازت ناموں کیلئے متعدد ایجنسیوں سے رابطہ نہیں کرنا پڑتا۔ تمام سہولیات ایک ہی جگہ پر ای خدمت مراکز میں میسر ہیں اور اب پورٹل کے اجراء سے عوام گھر بیٹھے یا دفتر بیٹھے اس سے مستفید ہوسکتے ہیں۔