خواجہ سلمان رفیق

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کا دورہ

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کا دورہ کیا۔ایم ڈی پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن جواد اکرم نے پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا استقبال کیا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور چیئرمین بی او ڈی کے نئے دفتر کا افتتاح بھی کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر نئے منظور شدہ قرضہ جات کے چیک تقسیم کئے۔ایم ڈی جواد اکرم نے خواجہ سلمان رفیق کو لائیو ڈیش بورڈ پر انڈر ٹریننگ طبی ماہرین کی انڈکشن اور پی ایچ ایف کے تحت ترسیل کئے جانے والے ماہانہ اعزازیہ کے بارے میں بریفنگ دی۔

خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔اجلاس میں ڈی جی نرسنگ و دیگر افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے ذریعے حکومت ڈاکٹرز کو کروڑوں روپوں کے بلاسود قرضے فراہم کر رہی ہے۔

اس ادارے کے ذریعے سرکاری ہسپتالوں میں ایچ آر کی کمی کو بھی پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ الحمدللہ، پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے ذریعے جاری شدہ بلا سود قرضوں کی ریکوری 99 فیصد ہے۔ صوبہ بھر میں ہزاروں ڈاکٹرز پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن سے بلا سود قرضے حاصل کرکے باعزت کاروبار کر اور روزگار کما رہے ہیں۔