لاہور (رپورٹنگ آن لائن )نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے ڈینٹل ہسپتال لاہور میں ڈیپارٹمنٹ آف پروستھو ڈونٹکس کے ری ویمپنگ منصوبے کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر حافظ محمد وسیم، پرنسپل ڈی مونٹ مورنسی کالج آف ڈنٹشٹری پروفیسر ڈاکٹر محمد وحیدالحمید، ایم ایس ڈینٹل ہسپتال لاہور ڈاکٹر حافظ شاکر محمود، پروفیسر محمد الیاس، ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالمتین، ڈاکٹر مومنہ اکرم، ڈاکٹر عاصمی شاہین اور ڈاکٹر شازیہ موجود تھیں۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے ڈینٹل ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور مریضوں کے جاری علاج کا معائنہ کیا۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے ڈینٹل ہسپتال لاہور میں مریضوں سے علاج کی سہولیات بارے بھی دریافت کیا۔بعدازاں نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے ڈینٹل ہسپتال میں ایک اجلاس کی صدارت بھی کی۔اجلاس میں ڈینٹل ہسپتال لاہور کی اپ گریڈیشن، انتظامی امور میں بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ڈینٹل ہسپتال لاہور میں روزانہ کی بنیاد پر 12 سو سے زائد مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ ڈینٹل ہسپتال لاہور مریضوں کا مکمل علاج کرنے والی پاکستان کی سب سے بڑی علاج گاہ ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پروستھو ڈونٹکس ڈیپارٹمنٹ میں مصنوعی دانت لگوانے والے مریضوں کو جدید علاج کی سہولیات مہیا ہوں گی۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے ڈینٹل ہسپتال لاہور کے انتظامی امور میں بہتری لانے کیلئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی فوری طور پر تشکیل دینے اور ڈینٹل ہسپتال لاہور کی اپ گریڈیشن کا کام مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔