خادم حسین

صنعتکار پیداواری لاگت میں مزید اضافہ کا متحمل نہیں ہوسکتا ‘خادم حسین

لاہور( ر پورٹنگ آن لائن)پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کے وزیراعظم کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے اس اقدام سے عوام سمیت صنعتکاروں کو ریلیف ملے گا ۔کیونکہ لوگوں میں تشویش تھی کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ سے مہنگائی بڑھے گی اور ان کی مشکلات میں اضافہ ہوگا ۔انہوںنے حکومت کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میں ڈیڑھ روپے سے زائد اضافہ کی درخواست پر نیپرا کی جانب سے فیصلہ محفوظ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ سے صنعتکارپیداواری لاگت میں مزید اضافہ کا متحمل نہیں ہوسکتا اس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونگی ۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ مقامی اور غیر ملکی برآمدکنندگان پیداواری لاگت بڑھنے کے متحمل نہیں ہوسکتے اس لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کی بجائے کمی کرکے صنعتی شعبہ کو ریلیف دیا جائے ۔انہوںنے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے ملنے والی امداد اورکم قیمت پر ملنے والے پٹرول کا ریلیف عوام تک پہنچایا جائے تاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کنٹرول کیا جاسکے۔