اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہاہے کہ صرف ایک اشتعال پسند بیان ہی ہنگامی صورتحال پیدا کر سکتا ہے،انسانی رویوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے ،
اطلاعات تھیں کہ محرم مشکل گزریگا،
مگر اللہ کے کرم سے کوئی پریشانی دیکھنے میں نظر نہیں آئی ،
وہ دن دور نہیں جب پاکستان امن کا گہوارہ کے طور پر جانا جائیگا۔
پاکستانی پر امن معاشرے کی تشکیل نو، چیلنجز اور مواقع کے عنوان پر اسلامی یونیورسٹی کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی ڈاکٹر قبلہ ایاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے محققین، ریسرچ سکالر طالبات کو دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایسی تقریبات ذہن سازی ، پالیسیوں اور رویوں کی تشکیل نو کیلئے اہم سرگرمی کے طور پر کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ انسانی رویوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، عدم تشدد کا سہرا نیلسن منڈیلا کو دیتے ہیں مگر کیوں بھول جاتے ہیں کہ ہمارے بزرگان دین کی ہماری تربیت کے لیے بہت سی مثالیں موجود ہیں .
انہوں نے کہاکہ تاریخ کا مطالعہ کریں، ہمارے عظیم قائدین نے عدم تشدد سے نجات کیلئے بہترین مثالیں قائم کی ہیں۔
ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہاکہ ہم نے بدقسمتی سے اپنی تاریخ کو بھلا دیا ہے،جن ممالک نے باہمی اختلافات کو بھلا دیا ترقی انکا مقدر بنی۔
انہوں نے کہاکہ اتفاق کی بنیاد پر جو معاشرے تشکیل ہوئے بین الاقوامی برادری میں اپنا مقام بنا گئے۔
انہوں نے کہاکہ چھوٹے چھوٹے ملک اسلام آباد سے بڑے ملک نہیں تھے مگرانہوں نے امن کو یقینی بنایا، ان ملکوں نے قانون کی پیروی کی، لوگوں کو قبول کیا۔
ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ ہم باہر پڑھنے اور نوکریاں حاصل کرنے جاتے ہیں ایک دور تھا کہ وہ یہاں آتے تھے جس معاشرے میں چیلنجز نہ ہوں،وہ معاشرہ مردہ ہوتا ہے۔
ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہاکہ انسان کا کمال ہے کہ وہ کیسے ان چیلنجز کو امکانات میں تبدیل کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ منزل کا تعین خود سیکھنے کی تعلیمات ہمارے بنی کریمۖ نے واضح کیں۔
ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہاکہ آج دنیا میں مودی اور ٹرمپ جیسے عوامی نعرے لگانے والے موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ وقتی طور پر یہ لوگ آ جاتے ہیں مگر وقت کیساتھ ساتھ فنا کے گھاٹ اتر جاتے ہیں۔
ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہاکہ پاکستان میں ایک چیلنج جذبات کاہے۔انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر چل رہا ہے کہ پاکستان کو تباہ کرنے کے لیے اسلحے کی ضرورت نہیں،صرف ایک اشتعال پسند بیان ہی ہنگامی صورتحال پیدا کر سکتا ہے۔
ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہاکہ جو جیسا بھی سوچتا رہے مگر باشعور لوگوں کا وجود اب بھی باقی ہے۔
ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہاکہ محرم کے حوالے سے اطلاعات تھیں کہ محرم مشکل گزریگا، مگر اللہ کے کرم سے کوئی پریشانی دیکھنے میں نظر نہیں آئی ،وہ دن دور نہیں جب پاکستان امن کا گہوارہ کے طور پر جانا جائیگا۔