لاہور (رپورٹنگ آن لائن )ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی بیماری پر چالاکی اور ہوشیاری دکھا نے کی ناکام کوشش کر رہی ہے ،پاکستانی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا مسلم لیگ(ن)والوں کا پرانا وطیرہ ہے ،دھوکے بازی کیلئے مشہور مسلم لیگ (ن) پر دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی اعتبار کرنے کیلئے تیار نہیں، نواز شریف کے بیرون ملک علاج کے حوالے سے جولکھا گیا اس کی پاسداری نہیں کی گئی اس لئے اب قانون اپنا راستہ بنائے گا ۔
میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے ویڈیو بیان میں ترجمان نے کہا کہ ثابت ہو گیا کہ صرف اقتدار کے دنوں میں شریف خاندان کا ٹھکانہ پاکستان ہوتا ہے ،جب یہ اقتدار سے باہر ہوں تو ان کا پاکستان میں دل ہی نہیں لگتا، ہمیں یہ معلوم ہے کہ نواز شریف کی تصاویر جاری کرنے کے پیچھے اصل کیا مقصد ہے اور قوم بھی اس سے آگاہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ہر طرح کے مافیاز کے خلاف بر سر پیکار ہیں ،انشااللہ ضرور کامیابی ملے گی ،
مافیاز آخری حربے کے طور پر مزاحمت کر رہے ہیں لیکن انہیں عوام کی حمایت اور قانون کی طاقت سے شکنجے میں لائیں گے۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اب تک کرپشن سے اپنی سیاست کو تقویت پہنچاتی رہی ہیں لیکن یہ سلسلہ بند ہونے سے ان کی رہی سہی سیاست بھی منوں مٹی تلے دفن ہونے جارہی ہے ۔