لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ صدقہ فطر کا بنیادی مقصد معاشرے کے غریب اور مستحق افراد کو بھی عید کی خوشیوں میں برابر کا شریک بنانا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق صدقہ فطر پورے عدل و انصاف اور فراخ دلی کے ساتھ ادا کریں تاکہ کوئی بھی ضرورت مند عید کے موقع پر محرومی کا شکار نہ ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے جس نے عام آدمی کی زندگی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
روزمرہ استعمال کی اشیا، کھانے پینے کی چیزیں اور بنیادی ضروریات کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔ ایسے حالات میں عید کی خوشیاں بھی ماند پڑتی جا رہی ہیں کیونکہ عوام کی بڑی تعداد اپنے بچوں کے لئے نئے کپڑے اور دیگر ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہے۔محمد جاوید قصوری نے خاص طور پر پردیسی افراد کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر اپنے گھروں کو جانے والے محنت کش طبقے کو ٹرانسپورٹروں کی جانب سے بے جا منافع خوری کا سامنا ہے۔ بس اور ویگن مالکان نے من مانے کرایے مقرر کر رکھے ہیں جس سے غریب مسافروں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ انسانی ہمدردی کے اصولوں کے بھی منافی ہے۔
انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں کی خاموشی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایسے نازک موقع پر عوام کو ریلیف فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، مگر افسوس کہ حکومتی سطح پر کہیں کوئی موثر اقدام نظر نہیں آ رہا۔ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو عوام کا اعتماد مزید متزلزل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ صدقہ فطر کے ساتھ ساتھ دیگر صورتوں میں بھی مستحق افراد کی مدد کریں اور عید کی حقیقی خوشیوں کو عام کریں۔








