جوبائیڈن

صدر ٹرمپ پرتشدد مظاہروں کو بڑھاوا دے رہے ہیں، جوبائیڈن کی مذمت

واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن) امریکہ کے ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار و سابق نائب صدر جوبائیڈن نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو چیلنج کیا ہے کہ سیاہ فام شخص کی ہلاکت کے خلاف ریاست اوریگون کے شہر پورٹ لینڈ میں شروع ہونے والے مظاہروں پر تشدد ناقابل قبول ہے اور صدر ٹرمپ پرتشدد مظاہروں کی حمایت نہ کریں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق جوبائیڈن نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ ہر قسم کے تشدد کی مذمت اور مخالفت کرتے ہیں چاہے وہ کسی بھی طرف سے ہو اور وہ بھی یہی چاہتے ہیں کہ صدر ٹرمپ بھی تشدد کی مخالفت کریں اور اسے روکیں کیونکہ ہم منقسم ہو کر اور ایک دوسرے کے ساتھ اختلافات رکھ کر ایک ملک نہیں بن سکتے۔

انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نفرت اور اشتعال انگیزی کو ہوا دیں گے اور اپنے حامیوں کو جوش دلانے کے لیے خوف کی سیاست کریں گے تو وہ تشدد کی بے دریغ حمایت کر رہے ہیں۔ جوبائیڈن نے پرامن مظاہرین کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انصفاف ضرور ہونا چاہیے لیکن اس کے ساتھ ساتھ تشدد کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔