آصف علی زرداری

صدر مملکت کا ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 10 خوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 10 خوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔

اپنے بیان میں صدر مملکت نے انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی کے دوران فتنة الخوارج کے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔صدر مملکت نے کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حسنین اختر شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔

انہوںنے کہاکہ قوم اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔صدر مملکت نے کیپٹن حسنین اختر شہید کی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔صدر مملکت نے شہید کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی، صبر جمیل کی دعا ء کی ۔

صدر مملکت نے کہاکہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی،دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔صدر مملکت نے فتنة الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا ۔