لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی جس میں سیاسی، معاشی اور خارجہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے صدر مملکت کو غیرملکی دوروں پر اعتماد میں بھی لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر ہائوس لاہور میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی ، اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان ،اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی ملاقات میں بھارت سے سیز فائر کے بعد کی صورتحال اور بھارت کی طرف سے مسلسل جارحیت کی دھمکیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس کے ساتھ ملک کی مجموعی سیاسی ومعاشی صورتحال اور خارجہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے صدر کو اپنے غیر ملکی دوروں پر اعتماد میں لیا۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے مل کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے، پاکستان کی کامیابیوں کو آج دنیا تسلیم کررہی ہے، کسی کو پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دیں گے۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دوست ممالک کے دورے بہت کامیاب رہے، پاکستان نے ہمیشہ امن کا پیغام دیا ہے، پاک افواج کی بہادری سے اب کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔دنیا پاکستان کی جنگی مہارت کی معترف ہوگئی، عالمی سطح پرپاکستان کے مقف کی حمایت ہی اصل میں ہماری جیت ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان چین، ترکیہ، آذربائجان دوستی ایک نئے باب کا آغاز ہے، سفارتی وفد بھارت کے جھوٹ کے جواب میں دنیا کے سامنے اپنا موقف رکھے۔