آصف علی زرداری 30

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا علی لاریجانی پر حملے پر اظہارِ افسوس

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سینئر ایرانی رہنما ڈاکٹر علی لاریجانی پر حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ایوانِ صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدرِ مملکت نے نومبر 2025ء میں ڈاکٹر علی لاریجانی کے پاکستان کے سرکاری دورے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا تھا، ملاقات میں پاک ایران تعلقات کو مضبوط بنانے میں علی لاریجانی کے کردار کو بھی سراہا گیا تھا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث انسانی جانوں اور انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے جس سے سنگین معاشی اثرات اور عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے۔

اُنہوں نے تمام فریقین پر ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور دشمنیوں کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے مکالمے اور سفارتکاری کو ترجیح دینے کی اپیل کی۔ صدرِ مملکت نے اُمید ظاہر کی ہے کہ صورتِ حال جلد مستحکم ہوگی اور مزید جانی نقصان اور علاقائی اثرات سے قبل امن بحال ہو جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن کے فروغ کی کوششوں کی حمایت کے لیے پُرعزم ہے جبکہ صدرِ مملکت نے واضح کیا ہے کہ پاکستان تناؤ کم کرنے کے لیے مکالمے اور سفارتی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں