اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں امن کو درپیش خطرات کے خلاف سکیورٹی فورسز کی موثر کارروائیوں پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست بیرونی سرپرستی میں سرگرم دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف پوری قوت اور یکجہتی کے ساتھ کارروائی جاری رکھے گی۔
ہفتہ کو ایوانِ صدر کے میڈیا وِنگ کے مطابق صدرِ مملکت نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی جانب سے متعدد مقامات پر کی گئی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے پر افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔
صدرِ نے کارروائیوں کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہداءکے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدرِ مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے امن، شہریوں کے تحفظ اور قومی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور یہ کہ ریاست بیرونی سرپرستی میں سرگرم دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف پوری قوت اور یکجہتی کے ساتھ کارروائی جاری رکھے گی۔








