اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع دُکی میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
اتوار کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دو دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔
صدر مملکت نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانی پر پوری قوم کو فخر ہے، صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، صدرِ مملکت نے اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔