اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سر ی لنکا کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر سری لنکن ہم منصب ، حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کی دوستی وقت کی کسوٹی پر پوری اتری ہے،ہم ہر مشکل اور آسان گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
سری لنکا کے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر زر داری نے کہاکہ میں اپنی جانب سے اور پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے، سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے، حکومت اور دوست عوام کو ملک کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوںنے کہاکہ یہ اہم دن سری لنکا کے عوام کے اتحاد اور قومی تفاخر کی عکاسی کرتا ہے، اور ان کے پرعزم قومی سفر کے تسلسل کو ظاہر کرتا ہے، جو بھرپور ثقافتی ورثے اور مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت سے تشکیل پایا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور سری لنکا کی دوستی وقت کی کسوٹی پر پوری اتری ہے اور ہم ہر مشکل اور آسان گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج نے سری لنکا کے عوام کی جانب سے سونپی گئی ذمہ داری کے تحت ان کے وطن سے دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوںنے کہاکہ میں جنوبی ایشیا میں تعاون کے فروغ کیلئے سری لنکا کے کردار کو بھی سراہتا ہوں، جہاں کولمبو میں سارک کے چھٹے (1991)، 10ویں (1998) اور 15ویں (2008) سربراہی اجلاس منعقد ہوئے،یہ امر افسوسناک ہے کہ بھارت نے، محض اس وجہ سے کہ اگلا سربراہی اجلاس پاکستان میں ہونا تھا، سارک کی روح کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تقریباً 12 برس سے ان اجلاسوں کو معطل کر رکھا ہے۔انہوںنے کہاکہ مجھے امید ہے کہ سری لنکا اور پاکستان جنوبی ایشیائی سلامتی اور سارک کی بحالی کے لیے باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات دیرینہ اور برادرانہ ہیں، جو باہمی اعتماد، خیرسگالی اور مشترکہ اقدار پر قائم ہیں۔ ماضی میں دونوں ممالک نے چیلنجز کے دوران اور کامیابیوں کے لمحات میں بھی ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان اور سری لنکا باہمی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے اور ہمارے درمیان دوستی اور تعاون کے رشتے آنے والے برسوں میں مزید مضبوط ہوتے جائیں گے۔









