آصف علی زرداری

صدرِ زرداری کا بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے 18دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے دو آپریشنز میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 18 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

جمعرات کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے چلتن پہاڑ کوئٹہ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی یافتہ 14 دہشت گردوں کے مارے جانے کو سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی قرار دیا۔صدرِ مملکت نے کیچ کے علاقے بلیدہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن میں چار دہشت گردوں کے انجام کو پہنچنے پرسکیورٹی فورسز کی جرات و بہادری کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کی کلیئرنس دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کی عکاس ہے۔صدرِ آصف علی زرداری نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ”عزمِ استحکام ”کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔صدر مملکت نے قوم کی جانب سے سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور جرات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔