وزیراعظم عمران خان

صاف اور آلودگی سے پاک پاکستان اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آلودگی سے بچنے کیلئے پائیدار ماحولیاتی تحفظ کا منصوبہ وقت کی ضرورت ہے، متعلقہ محکمے آلودگی سے بچنے کیلئے صوبوں کے ساتھ مل کر حکمت عملی وضع کریں، ہمارے منشور کے مطابق صاف اور آلودگی سے پاک پاکستان اولین ترجیح ہے، بڑے پیمانے پر شجرکاری سے شہروں کو سرسبز بنانے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں بڑھتی آلودگی سے متعلق اہم اجلاس ہوا،جس میں انہوںنے کہا کہ آلودگی سے لڑنے کے لیے خصوصی طور پر بڑے شہروں میں پائیدار ماحولیاتی تحفظ کا منصوبہ وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ متعلقہ محکمے فوری طورپر ضروری اقدامات کریں، ہمارے بڑے شہروں کو آلودگی سے بچانے کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر حکمت عملی وضع کریں۔

وزیراعظم نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مسائل سے نمٹنے کے لیے طویل مدتی اقدامات کیے جانے چاہئیں، ہم بڑے پیمانے پر شجرکاری کے ذریعے اپنے شہروں کو زیادہ سے زیادہ سرسبز بنانے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری، ملک امین اسلم، ڈاکٹر شہباز گل اور متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ چیف سیکریٹری پنجاب کامران علی افضل، بابر حیات تارڑ بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔