راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے سربراہ عوامی مسلم لیگ پاکستان شیخ رشید کو بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ میں شیخ رشید کی بیرون ملک جانے کی درخواست پر سماعت ہوئی، اس موقع پر سابق وفاقی وزیر اپنے وکیل سردار عبدالرازق خان کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔وکیل سردار عبدالرازق خان نے مؤقف اختیار کیا کہ شیخ رشید کا نام ہائیکورٹ نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالا تھا تاہم ان کا نام پی این آئی ایل اور پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا گیا۔
وکیل نے کہا کہ آئین کے تحت ہر شخص کو بیرون ملک جانے، آزادانہ نقل و حرکت کا بنیادی حق ہے۔ اس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم کا نام انسداد دہشتگردی عدالت کے حکم پر پاسپورٹ کنٹرول میں ڈالا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق عدالت نے بیرون ملک جانے کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریماکس دیے کہ شیخ رشید کو عمرے پر جانے دیں، وہ دعا کریں گے تو ملک کے حالات اچھے ہو جائیں گے۔
17 ستمبر 2025 کو شیخ رشید نے انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی میں پیشی کے موقع پر باہر میڈیا سے گفتگو میں ارباب اختیار سے عام آدمی کو معافی دینے کی درخواست کی تھی۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر 10 سال قید ہو رہی ہے، کھانسنے پر بھی 10 سال قید ہو جاتی ہے۔ اپنے بھتیجے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ میں قسم کھاتا ہوں کہ راشد شفیق نے فیصل آباد نہیں دیکھا، ان کے والد کی طبیعت ناساز ہے۔انہوںنے کہا کہ ارباب اختیار سے درخواست ہے عام آدمی کو معافی دیں۔









