اسلام آباد (ر پورٹنگ آن لائن)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے چین کے پاکستان میں سفیر عزت یاؤ جِنگ نے الوداعی ملاقات کی جس میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لئے آپکی خدمات قابل تحسین ہیں۔شیخ رشید احمدنے چینی سفیر سے مکالمہ کیاکہ ایم ایل ون ریل منصوبے کی منظوری کے لئے آپ کی کاوشیں ناقابل فراموش ہیں۔
چینی سفیر نے کہاکہ پاکستان اور چین کے تعلقات برادرانہ ہیں،دونوں ملکوں کی عوام کے درمیان محبت کا رشتہ ہے۔ چینی سفیر نے کہاکہ ایم ایل ون منصوبے کی منظوری سے خوش ہوں۔پاکستان کی مقامی صنعت کو فروغ ملے گا۔لوگوں کو روزگار ملے گا۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان ریلوے کے لئے ایک گیم چینجر منصوبہ ہے۔
پاکستانی معیشت کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔انہوںنے کہاکہ ایم ایل ون منصوبے کے ساتھ ساتھ پشاورـجلال آباد اور کوئیٹہـقندھار ریل نیٹ ورک پر کام کررہے۔شیخ رشید احمد نے کہاکہ علاقائی ریل نیٹ ورک خطے کی ترقی کا ضامن ہے۔افغانستان کے راستے وسط ایشیائی ممالک تک رسائی حاصل ہو گی۔ملاقات میں سیکریٹری ریلویز حبیب الرحمن گیلانی بھی موجود تھے۔