اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بہادر کشمیری بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں کو کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے،قمر زمان کائرہ نے شہید کشمیری نوجوان برہان مظفر وانی کی چھٹی برسی کے موقع پر شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے،
انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ برہان مظفر وانی شہید مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف مزاحمت کی ایک بے مثال علامت ہیں، انہوں نے مقبوضہ کشمیرکی پڑھی لکھی نوجوان نسل میں جدوجہد کی ایک نئی روح پھونکی،قمر زمان کائرہ نے کہا کہ برہان مظفر وانی جیسے لاکھوں نوجوان اپنا حق خودارادیت حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں، قابض بھارتی افواج کشمیریوں بلخصوص نوجوانوں کا بے دریغ قتل عام کررہی ہیں،مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں روزانہ نہتے کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشنز میں شہید کردیا جاتا ہے، بھارت نے 40لاکھ غیر ریاستی افراد کو مقبوضہ کشمیر کی شہریت دی ہے،
انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرکے مسلمان اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے، بہادر کشمیری بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں کو کسی صورت میں کامیاب نہ ہونے دیں گے،قمر زمان کائرہ کا کہنا تھاکہ پاکستان دنیا کے تمام فورمز پر اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں، بلاول بھٹو زرداری مسئلہ کشمیر کو دنیا کے تمام فورمز پر بھرپور انداز میں اجاگر کر رہے ہیں۔